بہارریاستی خبریں

پپو یادو گرفتار، 31 سال پرانے مقدمے میں بڑی کارروائی — دھوکہ دہی سے مکان کرایہ پر لینے کا الزام

ماخذ: یو این اے نیوز

بہار کے ضلع پورنیہ سے لوک سبھا کے رکن راجیش رنجن عرف پپو یادو کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی عدالت کی جانب سے جاری کردہ گرفتاری وارنٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے، جو ایک 31 سال پرانے مقدمے سے متعلق ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پپو یادو پر دھوکہ دہی کے ذریعے مکان کرائے پر لینے اور بعد ازاں دھمکی دینے کا الزام ہے۔ اس معاملے میں ایم پی-ایم ایل اے خصوصی عدالت نے حال ہی میں پپو یادو سمیت تین دیگر ملزمان کے خلاف قرقی و ضبطی کا حکم بھی جاری کیا تھا، تاہم وہ مقررہ وقت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق یہ احکامات خصوصی جج پروین کمار مالویہ کی عدالت کی جانب سے صادر کیے گئے تھے، جن پر عمل درآمد کے لیے پولیس کو واضح ہدایات دی گئی تھیں۔ اسی کے تحت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پپو یادو کو حراست میں لے لیا۔

گرفتاری کے بعد علاقے میں کشیدگی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

مزید قانونی کارروائی عدالت میں پیشی کے بعد متوقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button